اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قدر میں ایک روپے کمی



کراچی: انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 38 پیسوں کی کمی کے بعد روپے کی قدر میں اضافہ ہوا ہے جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قدر میں ایک روپے کمی ہوئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 38 پیسوں کی کمی کے بعد 133 روپے 25 پیسے ہو گئی ہے۔ دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے سستا ہوگیا۔

فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 136.50 روپے کی بلند ترین سطح سے کم ہوکر 135.50 روپے کا ہو گیا ہے۔

گزشتہ روز ڈالر انٹر بینک میں 12 روپے 75 پیسے مہنگا ہو کر137 روپے تک فروخت ہوا تھا تاہم مارکیٹ کے اختتام پر ڈالر کی قیمت 133 روپے 64 پیسے رہی تھی۔

منگل کو ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے ایک دن میں پاکستان کے بیرونی قرضے 900 ارب سے تجاوز کر گئے تھے۔ گزشتہ دو روز میں انٹر بینک میں پاکستانی روپے کی قدر میں نو روپے 39 پیسے تک کی کمی آئی ہے۔

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ ڈالر کے مقابل روپے کی قدر گرا کر 145 روپے فی ڈالر کی سطح تک لایا جائے لیکن پاکستانی حکام کا موقف تھا کہ بیرونی اکاؤنٹ کے چیلنج سے نمٹنے کے لے اس مالیاتی سال کے آخر تک شرح تبادلہ 137 روپے فی ڈالر کافی رہے گی۔

آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو ڈالر کی قیمت بڑھانے کے علاوہ، رعایتی قیمتیں ختم کرنے اور ٹیکسوں کے متعلق تجاویز بھی دی گئی تھیں۔ ابتداء میں حکام کا موقف تھا کہ چونکہ پاکستان آئی ایم ایف کے پاس قرض لینے نہیں گیا اس لیے ان تجاویز کو نظر انداز کیا جا سکتا ہے تاہم اب حکومت نے قرض کے لیے آئی ایم ایف سے رابطہ کر لیا ہے۔


متعلقہ خبریں