سرسید احمد خان کی 200ویں سالگرہ پر 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری

سرسید احمد خان کیلئے 50 روپے کا یادگاری سکہ | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بانیان پاکستان میں سے ایک اور 19ویں صدی کےمشہور مصنف و ماہر تعلیم سرسید احمد خان کا یادگاری سکہ جاری کردیا گیا ہے۔ پاکستانی 50 روپے مالیت کا سکہ 17 اکتوبر کو مرکزی بینک کے تمام فیلڈ دفاتر سے دستیاب ہوگا۔

یادگاری سکے کو تانبے اور نکل سے بنایا گیا ہے جس میں تانبا 75 فیصد اور نکل کی مقدار 25 فیصد ہے۔ سکے کا قطر 30 ملی میٹر اور وزن 13.5 گرام ہے۔

دھاتی سکے کے وسط میں ایک طرف پانچ نکروں کا ابھرتا ہوا ہلال اور دوسری طرف سرسید احمد خان کی یک رخی تصویر ہے۔ سکے پرسرسید احمد خان کی تاریخ پیدائش بھی درج ہے۔

پاکستان کا مرکزی بینک ملک کی سماجی اور سیاسی شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگاری سکے جاری کرتا رہتا ہے۔

قبل ازیں پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم بے نظیر اور عظیم سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کے یادگاری سکے بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔

بے نظیر کے یادگاری سکے کی مالیت 10 روپے اور عبدالستار ایدھی والے یادگاری سکے کی مالیت 50 روپے تھی۔

2007 میں ملکی تاریخ میں پہلی بار بانیان پاکستان کے سوا کسی سیاسی رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یہ طریقہ اختیار کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں