وزیراعظم کا 50 لاکھ گھروں کے منصوبے کا اعلان


لاہور : وزیر اعظم عمران خان نے سات شہروں میں ‘میرا گھر’ منصوبہ کے پائلٹ پراجیکٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں اسکیم شروع ہو گی جس میں فیڈرل ایمپلائز کی رجسٹریشن کی جائے گی۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پورے منصوبے کی نگرانی ’نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی‘ کرے گی اور مرحلہ وار چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان میں 50 لاکھ گھر بنائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کچی آبادیوں کی تفصیلات اکٹھی کر رہے ہیں، پہلے عوام سے ڈیمانڈ لیں گے پھر گھر بنائیں گے۔ 60 دنوں میں رجسٹریشن مکمل کی جائے گی۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کی نگرانی وہ خود کریں گے اور رکاوٹوں کو بھی دور کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے بعد بیک وقت پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں شروع  کیا جائے گا اور وفاقی حکومت، صوبائی حکومتوں کی رضامندی سے پائلٹ پراجیکٹ کے لیے ایک ایک ضلع کا انتخاب کرے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے لیے رجسٹریشن فارم جاری کیا جائے گا اور نادرا کی مدد سے فارم تیاری کی معمولی قیمت وصول کی جائے گی۔

پاکستان تحریک انصاف نے حکومت میں آنے سے قبل الیکشن مہم کے دوران عوام سے وعدہ کیا تھا کہ بے گھر افراد کے لیے 50 لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے۔

‘میرا گھر’ منصوبہ حکومت کی جانب سے عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کی طرف پہلا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق منصوبہ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر شروع کیا جائے گا۔

حکومت کو توقع ہے کہ ’میرا گھر‘ منصوبہ کے دوران تعمیرات کے شعبہ سے وابستہ صنعتوں کے کام میں بہتری آئے گی جو ملازمتوں میں اضافہ کی وجہ بھی بنے گی۔


متعلقہ خبریں