دبئی ٹیسٹ، آسٹریلیا کو جیت کیلئے مزید 326 رنز درکار


دبئی: پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنا لیے، مہمان ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے مزید 326 رنز درکار ہیں۔

عثمان خواجہ 50 رنز پر جبکہ ٹریوس ہیڈ 34 رنز پر کھیل رہے ہیں۔ آسٹریلیا کے اوپنر ایرن فنچ 49 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے جبکہ ان کی جگہ آنے والے سینیئر کھلاڑی شان مارش بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ شان مارش کے آؤٹ ہونے کے بعد مشل مارش کریز پر آئے تو وہ بھی چار گیندیں ہی کھیل پائے اور عباس کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے تینوں وکٹیں حاصل کیں۔

میں گرین کیپس نے اپنی دوسری اننگ 181 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی۔ آسٹریلوی ٹیم کو جیت کے لیے مجموعی طور پر 462 رنز کا ہدف درکار ہے۔

چوتھے روز کا کھیل

حارث سہیل اور امام الحق نے پاکستان کی جانب سے چوتھے دن کا کھیل شروع کیا تو ٹیم کا اسکور تین وکٹوں کے نقصان پر 45 تھا۔ قومی ٹیم کی چوتھی وکٹ 110 رنز پر گری جب امام الحق 48 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے پانچویں وکٹ حارث سہیل کی گری جو 39 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔ اسد شفیق 41 رنز بنا کر نتھن لیون کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

تیسرے روز کا کھیل

کھیل کے تیسرے روز قومی ٹیم نے دوسری اننگ کا آغاز کیا تو گرین کیپس کو پہلا نقصان محمد حفیظ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ اوپنر بلے باز 37 کے ٹوٹل اسکور پر محض 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کے بعد کریز پر آنے والے بلال آصف بغیر کوئی اسکور بنائے نتھن لیون کی گیند پر ٹریوس ہیڈ کو کیچ تھما کر چلتے بنے۔

قومی ٹیم کو تیسرا نقصان اظہر علی کی صورت میں اٹھانا پڑا، سابق ٹیسٹ کپتان 45 کے مجموعی اسکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

پہلے ٹیسٹ کا آغاز

اتوار کے روز شروع کیے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، گرین کیپس نے کینگروز کے خلاف پہلی اننگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 482 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا۔

پہلی اننگ میں محمد حفیظ 126، حارث سہیل 110، اسد شفیق 80 اور امام الحق 76 رنز بنا کر نمایاں اسکورر رہے۔

جوابی بیٹنگ میں آسٹریلوی ٹیم خاطرخواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی۔ اوپنر بلے بازوں کے سوا کوئی کھلاڑی پاکستانی بالرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا۔ کینگروز کی جانب سے عثمان خواجہ 85 اورایرون فنچ 62 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔

آسٹریلیا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگ میں 202 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں پاکستان نے فالو آن کرانے کے بجائے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔


متعلقہ خبریں