چور کو پڑ گئے مور، دوسروں کو لوٹنے والا خود انوکھے انجام کا شکار


ساؤ پالو: برازیل کے شہر ساؤ پالو میں مبینہ ڈکیتی کی انوکھی واردات پیش آئی جہاں چوری کی غرض سے میڈیکل اسٹور جانے والے شخص کو اپنی ہی کار سے ہاتھ دھونا پڑ گئے۔

برازیل کے نجی ٹی وی چینل کے مطابق چوری کی غرض سے میڈیکل اسٹور میں جانے والے شخص کو اس وقت دلچسپ صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب اس کے واپس پہنچنے پر کوئی اور فرد اس کی کار چوری کر چکا تھا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسٹور سے چرایا گیا سامان بھی اس کے ہاتھ نہ آ سکا۔ ٹیلی ویژن رپورٹ کے مطابق کوئی اور چور وہ سامان بھی لے کر رفوچکر ہو گیا جو اپنی گاڑی کھونے والے نے اسٹور سے حاصل کیا تھا۔

https://twitter.com/Zondi_Elihle/status/1049557185502609409

بات یہیں ختم نہیں ہوئی، ملزم اپنی کار کی رپورٹ درج کرانے پولیس اسٹیشن پہنچا تو اس کا سامنا میڈیکل اسٹور کے مالک سے ہوا، مالک کی شناخت پر چور کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا۔

ٹی وی چینل کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے چور نے انکشاف کیا کہ وہ کار اس کی ذاتی ملکیت نہیں تھی بلکہ اس نے چوری سے حاصل کی تھی۔

مبینہ ملزم سے جب پوچھا گیا کہ اس نے چوری شدہ کار کی رپورٹ درج کیوں کرائی جس پر ملزم کا کہنا تھا کہ وہ کار اس نے چوری کی تھی لہذا اس پر صرف اسی کا حق تھا۔

چوری کے واقعے کی انوکھی اور دلچسپ رپورٹ برازیل کے نجی ٹی وی چینل ملٹی شو نے نشر کی تاہم چوری کے اس واقعے کی کوئی اور تصدیق یا تردید سامنے نہیں آسکی۔


متعلقہ خبریں