لیفٹ آرم اسپنر عبد الرحمان نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا


لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے لیفٹ آرم اسپنر عبدالرحمان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق بائیں ہاتھ سے بالنگ کرنے والےعبدالرحمان کا کہنا تھا کہ یہ ایک مشکل فیصلہ ہے، دلبرداشتہ ہو کر انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے رہا ہوں۔

قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ اور لیگز کھیلتا رہوں گا۔

اپنے کرکٹ کیریئر کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی اور مصباح الحق کا شکر گزار رہوں گا، شاہد بھائی نے ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کرکٹ میں اور مصباح الحق نے ٹیسٹ کرکٹ میں میری بہت مدد کی۔

عبدالرحمان نے اپنے ڈومیسٹک اور بین الاقوامی کیریئر کے دوران والدین، اہلیہ اور بچوں کی سپورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کا دور میرے لئے ہمیشہ یادگار رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی سعید اجمل کے ساتھ زبردست پارٹنر شپس ہیں جو کبھی نہیں بھلائی جا سکتیں۔

عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ اپنے کیریئر کے دوران وہ انگلینڈ کو ٹیسٹ کرکٹ میں وائٹ واش کرنے والے اسکواڈ کا حصہ ہے۔ دو ورلڈ کپ کھیلے لیکن ہمیشہ اس بات کا افسوس رہے گا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں 100 آؤٹ نہ کر سکا۔

2012 میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں 11 گیندوں پر پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے والےعبدالرحمان کا کہنا ہے کہ اگر ٹیسٹ کرکٹ میں 100 وکٹیں حاصل کر لیتا تو اپنے آپ کو خوش نصیب سمجھتا۔ پاکستان نے مجھے پہچان دی اور مجھے پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔

سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ کرکٹر نے 22 ٹیسٹ میچز میں 99 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ پاکستان کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہوں نے 31 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 30 کھلاڑیوں کو میدان سے باہر کی راہ دکھائی۔


متعلقہ خبریں