اسحاق ڈار کے اکاؤنٹس کی تفصیلات پنجاب حکومت کے حوالے


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے مختلف اکاؤنٹس اور ان میں موجود رقومات کی تفصیل پنجاب حکومت کو فراہم کر دی ہے جس کے مطابق سابق وزیرخزانہ کی مختلف کمپنیوں کے اکاؤنٹس میں پانچ کروڑ 83 لاکھ سے زائد رقم موجود ہے۔

دوسری جانب نیب نے اسحاق ڈار، ان کی اہلیہ اور بیٹے کے تین پلاٹوں کی قرقی کی تعمیلی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرا دی ہے۔ قومی احتساب بیورو کے تفتیشی افسر نادر عباس نے احتساب عدالت میں رپورٹ جمع کرائی۔

رپورٹ کے مطابق اسحاق ڈار کی گاڑیاں تحویل میں لینے کے لیے ان کی رہائش گاہ پر کارروائی کی گئی لیکن ان کی رہائش گاہ پر گاڑیاں موجود نہیں تھیں۔

تفتیشی افسر نےعدالت کو بتایا کہ گاڑیوں کی تلاش کے لیے کوشش جاری ہے۔ اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کے شئیرز کی قرقی سے متعلق سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی رپورٹ کا انتظار ہے جس کے بعد اگلی سماعت پر عدالت کو پیش رفت سے آگاہ کردیا جائے گا۔

نادر عباس نے بتایا کہ موضع ملوٹ اسلام آباد میں واقع چھ ایکڑ اراضی اس کیس کی تفتیش شروع ہونے سے پہلے فروخت کی جاچکی ہے۔


متعلقہ خبریں