آئی جی کی تبدیلی کے پیچھے منشا بم تو نہیں؟ حمزہ شہباز

فوٹو: فائل


لاہور: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے خبردار کیا ہے کہ بلدیاتی نظام کو تہہ و بالا کرنے کی کوشش کی گئی تو بھرپور مزاحمت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نیب نے شہبازشریف کو صاف پانی میں بلایا اور آشیانہ اسکیم میں دھر لیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ہمیں جیلوں کی دھمکیاں نہ دینا، ڈٹ کر اپوزیشن کریں گے اور چوڑیاں نہیں پہن رکھی ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے باہر اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پرویز الہی سن لیں کہ پہلے آپ کا لیڈر نوازشریف ہوتا تھا، پھر پرویز مشرف بنا اور اب نیا لیڈر عمران نیازی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر کی کرسی پر بیٹھنے والا 22 ارب روپے کا مقروض ہے جو پنجاب بینک کے ہیں۔

ان کا سوال تھا کہ سرور خان اورجہانگیر ترین کون ہیں؟ وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ آئی ایم ایف اور شہبازشریف کی گرفتاری کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ احتساب اپنے گھر سے شروع کریں اورعلیمہ خان کی آف شور کمپنیوں کا حساب دیں۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اگر نوازشریف کے ساتھ مریم نواز جیل جا سکتی ہیں تو علیمہ خان کی آف شور کمپنی کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ  نیازی صاحب آپ آغاز کریں لیکن آپ کے ساتھ جو لوگ بیٹھے ہیں، جو قبضہ گروپ ہیں اور جنھوں نے اربوں روپے کا غبن کیا ہے وہ وزیر بن کر بیٹھے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف کے صاحبزادے نے کہا کہ جمہوریت کا تماشا لگایا گیا ہے۔ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پریس کانفرنس سے مولاجٹ کی فلمیں یاد آ تی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے کنٹینرپر اوراب حکومت میں بیٹھ کر باتیں کررہے ہیں۔

عمران خان پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیازی نے 71 ارب روپے میٹرو بس میں ڈبو دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ روز قلابازیاں لگاتے ہو۔ انہوں نے کہا کہ اب عمران نیازی نہیں یو ٹرن خان ہو۔

ان کا سوال تھا کہ ضمنی الیکشن سے پہلے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کو تبدیل کیا گیا تو کہیں اس کے پیچھے منشا بم  تو نہیں ہے؟ انہوں نے واضح کیا کہ قوم دیکھ اورسن رہی ہے۔

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا نیازی صاحب کھلاڑی رہے ہیں لیکن اسپورٹس مین اسپرٹ کا دور دور تک کوئی نام ونشان نہیں ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ عوام کو تجاورات پر جواب دو؟ انہوں نے سوال کیا کہ آپ بڑی بڑی باتیں کرتے تھے لیکن خیبرپختونخوا میں کیا کیا؟

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے واضح کیا کہ جنرل پرویز مشرف کا دس سال مقابلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم جان لے، شہبازشریف وہ شخص ہے جس نے دن رات صوبے کی خدمت کی، اپنی صحت کو داؤ پر لگایا اوربجلی کے منصوبے لگا کر لوڈ شیڈ نگ خاتمے کا وعدہ بھی پورا کیا۔


متعلقہ خبریں