بیوروکریٹس کو ارکان پارلیمنٹ کا احترام کرنا ہو گا، فواد چوہدری

غریب کی ہتھکڑیاں لگی میت نمائش کیلئے پیش کی جائے گی، فواد چوہدری | urduhumnews.wpengine.com

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ سب مل کرکرپشن یونین بنا لیں اور لوٹے ہوئے پیسوں کا حساب نہ لیا جائے لیکن ہم یہ نہیں کرسکتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کا مینڈیٹ مروج نظام کے خلاف ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آئی جی پنجاب کا تبادلہ غیر قانونی طور پر روکا جس پرخط لکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ اس کا فیصلہ قانون سے بالاتر ہے۔

آئی جی پنجاب کی تبدیلی کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے سربراہ کو تفتیش پر مؤثر عمل درآمد نہ کرنے پر تبدیل کیا گیا۔ ان کا مؤقف تھا کہ آئی جی پنجاب کو پالیسی معاملات پر تبدیل کیا گیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کی عہدوں پر موجودگی آئی جی کو ہٹانے کی بڑی وجہ ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ شہباز شریف کی خود کرائی گئی تفتیش پر کیسے اعتبار کیا جا سکتا ہے؟

وفاقی وزیراطلاعات نے واضح کیا کہ بیوروکریسی کو حکومتی پالیسیوں پر عمل درآمد کرنا ہو گا اور ارکان پارلیمنٹ کا احترام کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ جن بیوروکریٹس کو اختلاف ہے وہ حکومت سےعلیحدہ ہو سکتے ہیں۔ بیوروکریٹس کا کام پالیسیوں پر عملدرآمد کرنا ہوتا ہے، پالیسیاں بنانا نہیں۔ جمہوری نظام میں نگرانی کا سیاسی نظام موجود رہتا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ رواں سال قرضوں کی واپسی کے لیے آٹھ ارب ڈالرز درکارہیں۔ 28 ارب ڈالرز کے سالانہ اخراجات ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہارکیا کہ پاکستان کو ایک مضبوط معیشت بنائیں گے۔ آئی ایم ایف کے پاس جانےکی وجہ اربوں کی منی لانڈرنگ ہے۔

وزیراطلاعات نے سوال کیا کہ اپوزیشن معاشی بحران پر پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا مطالبہ کیوں نہیں کرتی؟ اس بات کا تعین ہونا چاہیے کہ معاشی بحران کا ذمہ دار کون ہے؟ وجوہات کی تلاش کے لیے معاشی بحران پر پارلیمانی کمیٹی بننی چاہیے۔

ایک سوال پران کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے جائز مطالبات ماننے کے لیے تیار ہیں لیکن ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ احتساب کا سلسلہ اب رکنے والا نہیں ہے، ہم نے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کی منی لانڈرنگ ہوئی اورعلاج پر ہزاروں پاؤنڈز خرچ کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنا ایک اور وعدہ پورا کردیا ہے اور اسپیکر قومی اسمبلی نے شہباز شریف کا پروڈکشن آرڈر جاری کر دیا ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے یقین دلایا کہ پی ٹی آئی نوکریاں فراہم کرنے کا وعدہ پورا کرے گی اور سانحہ ماڈل ٹاؤن پر آزادانہ تحقیقات بھی کرائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف پر ہم نے کوئی مقدمہ نہیں بنایا اورپاکستان تحریک انصاف گزشتہ ادوار میں حکومت میں نہیں تھی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ناصر درانی کے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صحت کی خرابی کی وجہ سے استعفیٰ دیا ہے۔


متعلقہ خبریں