ذہنی صحت کے بغیر جسمانی صحت ممکن نہیں، طاہر خلیلی

ذہنی صحت کے بغیرجسمانی صحت ممکن نہیں، طاہر خلیلی|humnews.pk

اسلام آباد: انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹرمحمد طاہر خلیلی نے کہا ہے کہ ذہنی صحت کے بغیر جسمانی صحت ممکن نہیں کیونکہ اس بارے میں لوگوں میں آگاہی کی کمی ہے۔

عالمی یوم ذہنی صحت پر اسلامک یونیورسٹی میں منعقدہ آگاہی لیکچر سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ذہنی صحت کے بارے میں آگاہی اور اس سے متعلق قوانین میں ترمیم کی ضرورت ہے جبکہ ذہنی عارضے میں مبتلا افراد کو ان کے حقوق حاصل ہونے چاہئیں۔

ہر برس دس اکتوبرکو لوگوں میں آگاہی پیدا کونے کے لئے دنیا بھر میں عالمی یوم صحت منایا جاتا ہے۔

ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں 45 کروڑ افراد کسی نہ کسی دماغی عارضے میں مبتلا ہیں، ان میں سب سے زیادہ کیسز ڈپریشن اور شیزوفرینیا کے ہیں۔

پروگرام کے مہمان خصوصی پی ٹی آئی کے رہنما محمد عارف کا کہنا تھا کہ دماغی عارضے سے متعلق آگاہی کی اشد ضرورت ہے جس کے لیے حکومت ہرطرح کا تعاون کرنے کو تیار ہے کیونکہ یہ صحت کا ایک اہم مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔

حال ہی میں اسلامک یونیورسٹی کی جانب سے ”ذہنی صحت، قانون اور انسانی حقوق” کے موضوع پر بین الاقوامی ڈپلومہ کا آغاز کیا گیا ہے جو ایک سال کے عرصے پر محیط ہے جبکہ اس میں عالمی ادارہ صحت کا اشتراک بھی شامل ہے۔

یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا منفرد کورس ہے۔ جس کا مقصد حکومت اور ارباب اختیار کی توجہ اس جانب مبذول کرانا ہے کہ ذہنی صحت کے لیے موجودہ قوانین میں نہ صرف ترامیم کی ضرورت ہے بلکہ اس حوالے سے حکومتی اور نجی سطح پر آگاہی مہم لازمی ہے اور ذہنی صحت کے عارضے میں مبتلا افراد کے حقوق کے تحفظ کی بھی ضرورت ہے۔

ڈپلومہ میں نا صرف پاکستانی طلبا اور مختلف شعبے سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد نے داخلہ لیا ہے بلکہ اس میں سعودی عرب، قطر اور صومالیہ کے طلبا بھی شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں