ضمنی انتخاب، پی پی پی کا اویس لغاری کی حمایت کا اعلان

حکومت پنجاب کے وزیر اویس لغاری وزارت سے مستعفی

ڈیرہ غازی خان: پاکستان پیپلزپارٹی نے حلقہ پی پی- 292 کے ضمنی انتخاب میں سابق صدر فاروق احمد لغاری مرحوم کے بیٹے کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انتخابی امیدوار اویس لغاری کی حمایت کا اعلان پی پی پی کے ضلعی جنرل سیکریٹری علی مراد کھتران نے کیا۔

اویس لغاری کی حمایت کا اعلان ایک پریس کانفرنس میں کیا گیا جس میں پی ایم ایل (ن) کے ضلعی صدر سمیت دیگر رہنما و کارکنان بھی موجود تھے۔

ڈیرہ غازی خان میں حلقہ پی پی- 292 پر ضمنی انتخاب 14 اکتوبر کو ہوگا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے ضلعی جنرل سیکریٹری علی مراد کھتران نے پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ فیصلہ ان کا ذاتی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی ہدایت پر ہم نے ضمنی الیکشن میں پی ایم ایل (ن) کے انتخابی امیدوار کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انتخابی امیدواراویس لغاری سابق صدر مملکت فاروق احمد لغاری (مرحوم) کے بیٹے ہیں۔ وہ سابقہ حکومت میں وفاقی وزیرتوانائی تھے۔

فاروق احمد لغاری کا شمار پی پی پی کے ابتدائی لوگوں میں کیا جاتا تھا۔ بے نظیر بھٹو جب دوسری مرتبہ برسراقتدارآئیں تو انہوں نے 1993 میں انہیں صدر مملکت کے منصب پہ منتخب کرایا۔

1996 میں اس وقت کے صدر مملکت فاروق احمد لغاری نے بے نظیر بھٹو حکومت پر بدعنوانی اورماؤرائے عدالت قتل جیسے سنگین الزامات لگا کران کی حکومت کو برطرف کردیا تھا۔

فاروق احمد لغاری کے دور حکومت میں جب انتخابات ہوئے تو نواز شریف برسراقتدار آگئے جس کے بعد انہیں 1997 میں اپنے منصب سے مستعفی ہونا پڑا۔

کہا جاتا ہے کہ شریف خاندان اورفاروق لغاری کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں ایک خاتون سیاستدان نے نہایت اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس کردار کے لیے ان سے میاں شریف نے خود درخواست کی تھی۔ اس پورے واقعہ کا ذکر ان کی اپنی تحریر کردہ کتاب میں بھی موجود ہے۔

میاں نواز شریف نے بھی اپوزیشن میں رہتے ہوئے فاروق احمد لغاری کے خلاف ایک بڑا احتجاجی جلوس لے کر چوٹی زیریں گئے تھے جہاں انہوں نے سابق صدر کے خلاف نہایت تند و تیز تقریر کی تھی۔ انہوں نے مرحوم صدر پرمہران بینک اسکینڈل کے حوالے سے بھی الزامات عائد کیے تھے۔


متعلقہ خبریں