اسٹاک مارکیٹ پر ہیجانی کیفیت طاری ہے، تاجر برادری

اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان

فوٹو: فائل


کراچی: کراچی کی تاجر برادری نے کہا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ پر اس وقت ہیجانی کیفیت طاری ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈالرکوغائب کردیا گیا ہے۔ شہرقائد سے تعلق رکھنے والے تاجروں نے ملک کی موجودہ معاشی صورتحال، ڈالرکے مقابلے میں روپے کی قدر میں گراوٹ اور بجلی و گیس سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں ہونے والے حالیہ اضافے پربھی گہری تشویش ظاہر کی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق تاجر برادری نے اپنی تشویش کا اظہارایم کیوایم پاکستان کے کنوینراوروفاقی وزیرڈاکٹرخالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیوایم پاکستان کے وفد سے فیڈریشن ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد چیمبر آف کامرس کا نمائندہ تھا۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وفد کو یقین دلایا کہ ایم کیوایم پاکستان کا وفد کراچی کے تاجروں میں پائی جانے والی بے چینی و پریشانی سے جلد وزیراعظم پاکستان عمران خان کو آگاہ کرے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ معیشت کے حوالے سے فیصلہ سازی کے عمل میں کراچی کے تاجروں کو بھی شامل کیا جائے کیونکہ شہرقائد پاکستان کا معاشی حب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی فیصلوں سے کراچی کے تاجر سب سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں جو باعث تشویش ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے تسلیم کیا کہ حکومتی فیصلوں سے پورے پاکستان سمیت کراچی کی معیشت متاثر ہورہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے بھی اپنے اصولی مؤقف پر کاربند رہے گی۔

وفاقی وزیرڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اعتراف کیا کہ غریب عوام کے لیے مشکلات بڑھ رہی ہیں۔

تاجر برادری کے نمائندہ وفد سے انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کراچی کی نمائندہ جماعت ہونے کے ناطے تاجربرادری سے مسلسل رابطے میں رہتی ہے۔


متعلقہ خبریں