سپریم کورٹ: این آر او سمیت اہم مقدمات کی سماعت آج ہو گی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان میں آج این آر او اور فیض آباد دھرنے سمیت اہم مقدمات کی سماعت ہو رہی ہے۔

چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ این آر او کیس کی سماعت کر رہا ہے جب کہ فیض آباد دھرنے سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کرے گا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے 17 نومبر 2017 کو الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے خلاف تحریک لبیک پاکستان کے فیض آباد دھرنے کو ختم کرانے کا حکم دیا تھا  جس پر عمل کرتے ہوئے اسلام آباد انتظامیہ نے 25 نومبر 2017 کو پولیس آپریشن کیا۔

آپریشن کے باعث دن بھر فیض آباد میدان جنگ بنا رہا لیکن دھرنا ختم نہ کرایا جا سکا، آپریشن میں ناکامی کے بعد حکومت نے گھٹنے ٹیک دیے اور 27 نومبر کو وزیرقانون نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ بعدازاں ٹی ایل پی اور حکومت کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا۔

ملک میں بڑھتی ہوئی آلودگی، وکیلوں کی جعلی ڈگریوں اورمنرل واٹر کمپنیوں سے متعلق مقدمات کی سماعت بھی آج ہوگی۔ عدالت نے آڈیٹر جنرل پنجاب اور نیسلے منرل واٹر کمپنی کی مالکہ کو طلب کر رکھا ہے۔

اس کے علاوہ معذور افراد کے حقوق سے متعلق قانون سازی کیس، مظفر گڑھ میں اوقاف زمین کے کیس کی سماعت بھی ہو گی جب کہ تھر میں بھوک سے بچوں کی ہلاکت پر بھی آج چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سماعت کرے گی۔

بحریہ ٹاؤن کی نظر ثانی اپیل پر بھی چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں لارجر بینچ سماعت کرے گا۔


متعلقہ خبریں