وزیرخزانہ کی ورلڈ بینک کے صدر سے ملاقات


بالی/اسلام آباد: پاکستان کے وزیر خزانہ اسد عمر نے انڈونیشیا میں عالمی بینک کے سربراہ جم یانگ کم سے ملاقات کی ہے جس کے دوران معیشت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں ہونے والی ملاقات میں عالمی بینک اور پاکستان کے درمیان تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور وزیرخزانہ نے ورلڈ بینک کے سربراہ کو نئی حکومت کی ترجیحات سے آگاہ کیا۔

جم یانگ کم نے پاکستانی وزیرخزانہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان نے ہیومن کیپٹل پروجیکٹ اختیار کرنے میں پہل کی اور شہریوں میں سرمایہ کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

انڈونیشیا میں 10 سے 14 اکتوبر تک ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کا اجلاس ہو رہا ہے اور اسد عمر بھی اپنی معاشی ٹیم کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کررہے ہیں۔

وزیر خزانہ کی قیادت میں گورنر اسٹیٹ بینک، سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن اور سیکرٹری خزانہ کا وفد پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہے۔

قبل ازیں ستمبر میں ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر الینگون نے کہا تھا کہ ان کا ادارہ پاکستانی حکومت کے سماجی و معاشی ترقی کے ایجنڈے اور اس ضمن میں جاری کاوشوں کا خیر مقدم کرتا ہے۔

مسٹر الینگون نے انسانی ترقی کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کے وژن اور ایجنڈے کی تعریف اور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔


متعلقہ خبریں