حکومت کا موجودہ بلدیاتی نظام کو ختم کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد: وفاقی حکومت نے موجودہ بلدیاتی نظام کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جب کہ متبادل کے طور پر تیار کردہ نئے بلدیاتی نظام کا بل دو ہفتے میں پیش کر دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق نئے بلدیاتی نظام کا بل اسمبلی سے پاس ہونے کے بعد چار ماہ میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔

معاملہ سے متعلق ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی حکومتوں کے نظام کے مسودے میں مختلف امور پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔

نئے بلدیاتی نظام کے مطابق ہر ضلع کی سطح پر ایک میئر ہوگا جس کا انتخاب براہ راست ہو گا، یونین کونسلز کی جگہ ویلیج کونسلز بن جائیں گی۔ ویلیج کونسل کا حجم یونین کونسل کے مقابلہ میں چھوٹا ہو گا لیکن اس کے سربراہ کا انتخاب بھی براہ راست ہی ہو گا۔

نئے بلدیاتی نظام میں ایڈمنسٹریٹو اور سروسز کے محکمے بھی میئر کے ماتحت ہوں گے۔

خیبرپختونخوا اور پنجاب حکومت اس نکتے پر متفق ہیں کہ میئر اور ڈسٹرکٹ چیئرمین کا انتخاب جماعتی بنیادوں پر کیا جائے گا لیکن ویلیج کونسل اور ہمسایہ کونسل کا انتخاب غیرجماعتی بنیاد پر ہو گا۔

بلدیاتی نظام کے لیے دونوں صوبوں نے میئر اور ڈسٹر کٹ کونسل کا انتخاب براہ راست کرانے پر بھی اتفاق کیا تھا۔


متعلقہ خبریں