سی پیک منصوبوں پر نظرثانی نہیں کر رہے، پاکستان



اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے وضاحت کی ہے کہ پاکستان پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں پر کوئی نظر ثانی نہیں کر رہا ہے۔  ان کا کہنا تھا کہ سی پیک معاہدوں پر نظر ثانی سے متعلق وزیر اعظم کے بیان کو درست رپورٹ نہیں کیا گیا۔

جمعرات کے روز محمد فیصل نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کے لیے کوئی کوشش نہیں کی۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈ لائن پر پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کی درخواست کی تھی مگر بھارت حامی بھرنے کے باوجود پیچھے ہٹ گیا۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ وزیرخارجہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں جاری قابض فوج کے آپریشن کی مذمت کرتا ہے۔ حریت قیادت کی نظربندی پر بھی تشویش ہے اور اس کی سخت  مذمت  کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں