احسان مانی کا سابق کھلاڑیوں پر مشتمل کمیٹی بنانے کا فیصلہ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی تک پاکستان کا بھارت میں کھیلنے سے انکار

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے سابق کرکٹرز پر مشتمل کمیٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سابق پلیئرز پرمشتمل کمیٹی پاکستان میں کرکٹ کے کھیل کے فروغ اور بہتری کے لیے کام کرے گی اور کرکٹ کے معاملات بھی دیکھے گی۔

احسان مانی کا کہنا ہے کہ جس سابق کرکٹر کے بارے میں بھی محسوس ہوا کہ وہ ملکی کرکٹ کی بہتری کیلیے کچھ کر سکتا ہے اسے کمیٹی میں شامل کر لیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق کھلاڑی کھیل کی باریکیاں سمجھتے ہیں اور وہی اس حوالے سے معاملات سنبھالیں گے۔

پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ کرکٹ بورڈ ملک میں کرکٹ کے فروغ اور بہتری کے لیے سابق کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرے گا اور ان سے رہنمائی بھی لیتا رہے گا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سابق صدر احسانی مانی ستمبر میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔ سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے مستعفی ہونے کے بعد چیئرمین کا عہدہ خالی ہوا تھا۔

احسان مانی کو پی سی بی کے پیٹرن ان چیف وزیرِاعظم عمران خان نے نامزد کیا تھا، ان کے مقابلے میں کسی بھی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کرائے اور وہ بلامقابلہ ہی چیئرمین منتخب ہوگئے تھے۔

احسام مانی ماضی میں کرکٹ کے عالمی ادارے آئی سی سی کے صدر رہ چکے ہیں۔ وہ پیشے کے اعتبار سے اکاؤنٹنٹ ہیں اور آئی سی سی کے مالی معاملات دیکھتے رہے ہیں۔

انہیں بین الاقوامی کرکٹ کونسل میں پہلی  بار 1889 میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا موقع ملا جس کے بعد وہ 2003 میں تین سال کے لیے آئی سی سی کے صدر منتخب ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں