پاکستان نے آئی ایم ایف کو قرضے کی باضابطہ درخواست دے دی


اسلام آباد: پاکستان کے وزیر خزانہ اسد عمر نے بین الاقوامی مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے مالی مدد کی باضابطہ درخواست کردی ہے۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی مینجنگ ڈاریکٹر کرسٹین لیگارڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف سے اپنے معاشی بحران کو دور کرنے کے لیے باضابطہ قرضے کی درخواست دائر کر دی ہے۔

کرسٹین لیگارڈ کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کے وزیر خزانہ اسد عمر، گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ اور دیگر سے ملاقات کی جس میں پاکستان کی موجودہ مالی حالت کا جائزہ لیا گیا۔

لیگارڈ کے جاری کردہ بیان میں واضح کیا گیا کہ ملاقات کے دوران پاکستان کی اقتصادی ٹیم نے پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے آئی ایم ایف سے مالی امداد کی درخواست کی ہے۔

ذرائع  کے مطابق اس درخواست کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اب آئی ایم ایف کا وفد آئندہ آنے والے ہفتوں میں اسلام آباد آئے گا جس کے بعد مزید اقتصادی معاملات آگے بڑھائے جائیں گے، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کا یہ وفد پاکستان میں آئی ایم ایف کے تعاون سے معاشی پروگرام پر بات چیت کرے گا۔

واضح رہے کہ وزیرخزانہ اسد عمر ماضی میں قرض نہ لینے اور اس مقصد کے لیے آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کے اعلان کرتے رہے تھے تاہم گزشتہ کچھ عرصہ میں انہوں نے اسے ایک آپشن کے طور پر قبول کرنے کا بیان جاری کیا تھا مگر اب باضابطہ طور پر قرض کے حصول کی درخواست دے دی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں