چینی قرضے پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس لائے، امریکہ



واشنگٹن/اسلام آباد: امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان حیدر نوراٹ نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ(آئی ایم ایف) سے قرضہ لینے کی وجہ چینی قرضے ہیں جو پاکستان کے لیے مشکل تر ہوتے جارہے ہیں۔

محکمہ خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت کو قرضوں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے اور معاشی مسائل کی وجہ سے بین الاقوامی مالیاتی ادارے کو باضابطہ درخواست دی ہے۔

آئی ایم ایف نے پاکستان سے قرضوں کی بارے میں مکمل اور شفاف معلومات مانگی ہیں بالخصوص چین سے لیے گئے قرضوں کی تفصیلات پر زور دیا ہے۔ آئی ایم ایف نے ساتھ ہی پاکستان کو امریکی تحفظات سے بھی آگاہ کیا ہے۔

پاکستان نے چین کی حکومت اور بینکوں سے تقریباً پانچ ارب ڈالر کا قرض لے رکھا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو پہلے ہی خبردار کر چکے کہ آئی ایم ایف پاکستان کو چینی قرضے اتارنے کے لیے مزید رقم فراہم نہ کرے۔

پاکستانی وزیرخزانہ اسد عمر نے اپنی معاشی ٹیم کے ہمراہ انڈونیشیا میں آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹین لیگارڈ سے ملاقات کی تھی جس میں پاکستان کی موجودہ مالی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے قرضے کی باضابطہ درخواست ملنے کے بعد آئی ایم ایف کا وفد اسلام آباد کا دورہ کرے گا اور پاکستانی حکام سے معاشی پروگرام اور بیرونی قرضوں کی تفصیلات پر بات چیت ہوگی۔


متعلقہ خبریں