جنرل باجوہ کی برطانوی وزیر دفاع، چیف آف ڈیفنس اسٹاف سے ملاقاتیں


لندن: پاکستان آرمی کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے لندن میں برطانوی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل نکولسن کارٹر اور وزیر دفاع گیون ولیم سن سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق برطانوی چیف آف ڈیفنس اسٹاف سے ملاقات سے پہلے آرمی چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

پاکستانی فوج کے سربراہ کی برطانوی چیف آف ڈیفنس اسٹاف سے ملاقات میں برطانوی حکام نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابیوں کو تسلیم کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطانق برطانوی حکام نے خطے میں امن اور سلامتی کے لیے پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا۔

آرمی چیف نے برطانوی وزیراعظم کے افغانستان اور پاکستان سےمتعلق معاون خصوصی گیرتھ بیلے اور برطانوی قومی سلامتی کے مشیرمارک سیڈول سے بھی ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے برطانوی عسکری حکام سے ملاقاتوں میں علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ برطانوی قیادت نے دہشت گردی کےخلاف پاکستان کی کامیابیوں کی تعریف کی۔

برطانوی قیادت کا کہنا تھا کہ پاکستان کا علاقائی سلامتی اور امن میں کردار قابل تعریف ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان آرمی پاک برطانیہ سیکیورٹی تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔


متعلقہ خبریں