قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا گاڑیاں نیلام کرنے کا اعلان

وزیر اعظم کی کفایت شعاری مہم|humnews.pk

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی کفایت شعاری مہم کے تحت قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے بھی اضافی گاڑیوں کی نیلامی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکی ہدایت پرکیا گیا ہے جس کے تحت قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی چھ استعمال شدہ گاڑیاں اور ایک عدد موٹر سائیکل 24 اکتوبر 2018 کو نیلا م کی جائیں گی جبکہ ان گاڑیوں میں ایک عدد مرسیڈیز بنز، 4عدد ٹیوٹا کرولا، ایک عدد سوزوکی بولان اور ایک عدد موٹر سائیکل ہنڈا شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ گاڑیوں کا معائنہ صبح 11:00 بجے سے دن 1:00 بجے تک پارلیمنٹ ہاؤس کے پارکنگ ایریا میں کیا جاسکتا ہے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اس سلسلے میں چار اکتوبر کو قومی اخبارات میں اشتہار بھی جاری کیا تھا جس سے مزید تفصیلات ملاحظہ کی جا سکتی ہیں۔

اشتہار قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی ویب سائٹ www.na.gov.pk اور پبلک پریکیورمنٹ اتھارٹی کی ویب سائٹ www.ppra.org.pk پر بھی ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیراعظم ہاؤس کی 102 گاڑیوں کو بھی نیلام کیا گیا تھا جس سے ایک بڑی رقم قومی خزانے میں جمع ہو گئی تھی۔


متعلقہ خبریں