زینب قتل کیس، مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کی استدعا


لاہور:قصور کی سات سالہ معصوم بچی زینب کے قاتل کو سرعام پھانسی دینے کے لیے درخواست دائر کر دی گئی۔

سر عام پھانسی دینے کی درخواست زینب کے والد امین انصاری نے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مجرم عمران نے انتہائی غیر انسانی فعل کیا اور مجرم کو سرعام پھانسی دینے سے ایسے واقعات کی روک تھام میں مدد ملے گی، اس لیے مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کا حکم دیا جائے۔

گزشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت نے قصور کی معصوم بچی زینب کو اغواء اور زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرنے والے مجرم علی عمران کے بلیک وارنٹ جاری کیے جب کہ مجرم عمران کو 17 اکتوبر کو پھانسی دی جائے گی۔ مجرم نے زینب سمیت 12 بچیوں کے قتل کا اعتراف کیا تھا۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پانچ اگست کو زینب کے قتل میں ملوث مجرم عمران کو تین مقدمات میں 12 مرتبہ پھانسی، 60 لاکھ روپے جرمانہ اور 30 لاکھ روپے دیت کی سزا سنائی تھی۔

جب کہ رواں سال فروری میں ہی سات سالہ معصوم زینب کے اغوا، زیادتی اور قتل میں ملوث مجرم عمران کو چار بار سزائے موت سنائی تھی۔


متعلقہ خبریں