سانحہ بلدیہ کیس کے سابق انویسٹی گیشن افسر کو جان کا خطرہ


کراچی: سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مقدمے کے سابقہ انویسٹی گیشن افسر (آئی او) جہانزیب نے تحفظ کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا۔

انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ ان کو سانحہ بلدیہ کے آئی او بننے پر نامعلوم افراد کی جانب سے مختلف نمبروں سے دھمکی آمیر فون کالز موصول ہو رہی ہیں، پولیس افسر کا کہنا ہے کہ کالز میں دھمکی دی جاتی ہے اور کہا جاتا ہے کہ تم بلدیہ کیس میں آئی او ہو ہم تمہیں دیکھ لیں گے۔

عدالت نے پولیس افسر کی درخواست پر اسے تحفظ فراہم کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے ایس ایس پی ویسٹ کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ پولیس افسر کو پر قسم کی سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ساجد محبوب کا کہنا تھا کہ پولیس افسر کو ہر قسم کا تعاون اور تحفظ فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں، ساجد محبوب نے دھمکی دینے والوں کوٹریس کرنے میں پولیس کی مدد کی بھی یقین دہانی کرائی۔

انسپیکٹر جہانزیب ابھی بھی سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کے 144 گواہوں کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں