خام تیل کی چوری: پولیس نے پانچ ملزمان دھر لیے


کراچی: سرکاری لائن سے کروڑوں روپے مالیت کا خام تیل چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس کی جانب سے تیل  چوری میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق ایس ایس پی ملیر شیراز نذیر نے بتایا کہ چوری کا کام بڑے پیمانے پر کیا جا رہا تھا، ملزمان عرصہ دراز سے سرکاری لائن سے تیل چوری کر رہے تھے۔ ایس ایس پی ملیر نے دعویٰ کیا کہ ملزمان لائن پنکچر کر کے پمپ کی مدد سے تیل چوری کرتے تھے۔

ذرائع کے مطابق ملزمان کے پاس تیل چوری کرنے کے لیے کئی بڑی مشینیں موجود تھیں، گرفتار ملزمان تیل کو پمپ کی مدد سے کھینچ کرایک بڑے ٹینکر میں منتقل کرتے تھے۔

اطلاعات کے مطابق ملزمان جس لائن سے تیل چوری کر رہے تھے وہ لائن کیماڑی سے آئل ریفائنری تک جا رہی تھی، خام تیل کی سرکاری لائن کا یہ جال پورے پاکستان میں بچھا ہوا ہے۔

ہم نیوزکو ایس ایس ملیر نے واضح کیا کہ پولیس کو تیل چوری کی خفیہ اطلاع دی گئی تھی جس پر پیش رفت کرتے ہوئے پولیس افسران نے ملزمان کی ریکی کی اور ان کو کیماڑی کے مقام کے قریب سے تیل چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

ماضی میں بھی ایسے کئی چوریاں منظرعام پر آتی رہی ہیں۔ ملزمان ایسے ہی خفیہ طور پرلاکھوں روپے مالیت کا خام تیل چوری کر کے ملکی خزانے کو نقصان پہنچاتے رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق تاحال اس ضمن میں خاطرخواہ انتظامات موجود نہیں ہیں۔


متعلقہ خبریں