فریال تالپور کا ہم نیوز کی خبر پر ایکشن


لاڑکانہ: سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے سرکاری اسپتالوں میں سی ٹی اسکین، ایم آر آئی اور وینٹیلیٹرز کی خرابی اورانتہائی نگہداشت کے وارڈوں میں ناکافی سہولیات کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام طبی میشنوں کو فوری طور پر کارآمد بنایا جائے اورمریضوں کو تمام ممکنہ سہولیات بہم پہنچائی جائیں۔

ہم نیوز کے مطابق رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور نے یہ ہدایت چانڈکا میڈیکل اسپتال کے ایم ایس اور ڈپٹی کمشنر کو نوڈیرو ہاؤس میں دیں۔

تین دن قبل ہم نیوز نے سرکاری اسپتالوں میں وینٹیلیٹرز، سی ٹی اسکین، ایم آر آئی مشینوں کی خرابی اور انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں ناکافی سہولیات کی خبر نشر کی تھی۔ فریال تالپور نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو نوڈیرو ہاؤس میں طلب کیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق چانڈ کا میڈیکل اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ علی گوہر ڈاہری نے خراب مشینری اور عملے کی کمی کی تحریری رپورٹ فریال تالپور کو پیش کی۔

ایم ایس علی گوہر ڈاہری نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پھپھو فریال تالپور کو صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چانڈ کا میڈیکل اسپتال کی خراب مشینری اور دیگر مسائل کو حل کرنے کے لیے پانچ کروڑ روپے کے فنڈز درکار ہیں۔

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے علی گوہر ڈاہری نے بتایا کہ فریال تالپور نے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی ہے۔


متعلقہ خبریں