مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک افراد کے لواحقین کا احتجاج


چیچہ وطنی: وہاڑی پولیس کے ہاتھوں مبینہ ڈاکو کی ہلاکت کے خلاف لواحقین نے پریس کلب کے باہر احتجاج کرتے ہوئے فراہمی انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس نے ہلاک افراد کو متعدد وارداتوں میں مطلوب قرار دیا ہے۔

ہم نیوز کو موصولہ اطلاعات کے  مطابق دو دن قبل چیچہ وطنی کے علاقہ ٹبہ نور پور سے وہاڑی پولیس نے تین افراد کو گرفتار کیا جنہیں بعد ازاں ڈاکو قرار دے کر مبینہ طورقتل کردیا گیا۔

پریس کلب پر احتجاجی مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے ان کے بیٹوں کو جعلی پولیس مقابلے میں دوران حراست ہلاک کیا ہے جو ماررائے عدالت قتل کے مترادف ہے۔

ہم نیوز کو ملنے والی اطلاع کے مطابق لواحقین نے الزام عائد کیا کہ جب اخبار سے منسلک ایک صحافی نے دوران گرفتاری ان کی ویڈیو بنانے کی کوشش کی تو پولیس اس کو بھی حراست میں لے کر اپنے ساتھ وہاڑی لے گئی۔

یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ حراست میں لیے گئے صحافی کی رہائی بھی تقریباً پانچ گھنٹے بعد صحافیوں کی مداخلت کے بعد عمل میں آئی تھی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر(ڈی پی او) وہاڑی پولیس کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق تینوں ڈاکو پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھے اور یہ قتل و ڈکیتی کی مختلف وارداتوں میں نامزد ملزمان تھے۔


متعلقہ خبریں