پنجاب میں عالمی معیار کی نو یونیورسٹیوں کےقیا م کامنصوبہ

فائل: فوٹو


لاہور: پنجاب کے صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن کمیشن  راجہ یاسر نے کہا ہے کہ حکومت صوبے کے نو اضلاع میں عالمی معیار کی تحقیقاتی جامعات کے قیام کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان یونیورسٹیز کا شمار دنیا کی 500 بہترین یونیورسٹیوں میں ہو گا۔

انہوں نے یہ بات اپنی زیرصدارت منعقدہ اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ چیئرمین پی ایچ ای سی ڈاکٹر نظام الدین نے بطور خاص اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں تعلیم کی پانچ سالہ پالیسی  وزیراعظم کے 100 روزہ پلان کے تحت تعلیمی اصلاحات پر غور و خوص کیا گیا۔

راجہ یاسر نے کہا کہ حکومت اعلیٰ تعلیم کے میدان میں اصلاحات لانے کے لئے پر عظم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پورے تعلیمی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان میں جدید علوم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق متعارف کروانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدا میں مختلف ممالک کے تعاون سے جنوبی پنجاب سمیت تین اضلاع میں جامعات کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

پنجاب کے صوبائی وزیر راجہ یاسرنے شرکائے اجلاس کو بتایا کہ ہائر ایجوکیشن میں مینجمنٹ اور ریسرچ ٹریننگ کے لئے ادارہ بھی قائم کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ریسرچ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لئے جگہ فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن، ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ مل کر اس ضمن میں جامع پالیسی مرتب کرے گا۔

پنجاب کے صوبائی وزیر نے اعتراف کیا کہ ہمارے امتحانی نظام اور پیپر مارکنگ سسٹم میں بھی اصلاحات کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بین الاقوامی سطح پر قابل قبول گریڈنگ سسٹم متعارف کروانے کی ضرورت ہے۔

اساتذہ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حکومت اساتذہ کے تبادلوں سے متعلق خودکار نظام متعارف کروانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے ضلعی سطح پرہی اساتذہ کے تبادلوں سمیت دیگر مسائل حل ہوجائیں گے۔

صوبائی وزیر راجہ یاسر نے معیار تعلیم میں بہتری کے لئے پی ایچ ای سی کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایچ ای سی کے زیر انتظام طلبا کو فنی تربیت کی فراہمی کے لئے کمیونیٹی کالجز پراجیکٹ ایک اہم سنگ میل ہے۔


متعلقہ خبریں