پنجاب آئندہ ماہ سے اسموگ کی لپیٹ میں آجائے گا؟


اسلام آباد: موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی اسموگ کے خطرات پیدا ہوگئے ہیں اورماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر فی الفوراحتیاطی تدابیر اختیارنہ کی گئیں تو گزشتہ سال کی طرح آئندہ ماہ سے  پنجاب اس کی لپیٹ میں آجائے گا۔

ہم نیوز کے مطابق اسموگ سے ہرطرح کی جلدی بیماریاں نہ صرف جنم لیتی ہیں بلکہ آنکھوں و سانس کے امراض بھی بڑھ جاتے ہیں۔

اسموگ کے اثرات پر قابو پانے کے لئے ہم نیوز کے مطابق وفاق اور حکومت پنجاب نے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کا وفد وزیر اعظم عمران خان کے مشیر ملک امین اسلم کی سربراہی میں وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرے گا۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اسموگ میں کمی لانے کے لئے 14 نکاتی سفارشات پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے سرحد کے قریب فصلیں جلانے کے عمل کا جائزہ لینے کے لئے سپارکو کی خدمات لی جائیں گی اور اسموگ مانیٹرنگ ٹیمیں بنائی جائیں گی۔

ہم نیوز کے مطابق فصلیں جلانے پرپابندی کے فیصلے پرعملدرآمد پہ غور ہوگا، دھواں پھیلانے والی گاڑیوں پر پابندی کے حوالے سے سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ لاہور کے اندر اور اس کے قرب و جوار میں واقع اسٹیل ملز نومبر اوردسمبر میں بند رکھے جانے کے حوالے سے بھی مشاورت کی جائے گی۔

ہم نیوز کے مطابق اسموگ سے قبل اسپتالوں اور اسکولوں میں خصوصی انتظامات کرنے پر حکمت عملی طے کی جائے گی۔

عدالتی کمیشن نے بھی اسموگ اوراس کے اثرات کو کنٹرول کرنے کی سفارشارت پر عملدآمد کا پابند کیا تھا۔


متعلقہ خبریں