ن لیگ کو ہرانے کی پوری کوشش کی گئی،سعد رفیق


لاہور: پاکستان مسلم  لیگ ن کے  رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہےکہ پاکستان مسلم لیگ ن کو ہرانے کے لیے ہر ہتھکنڈا استعمال کیا گیا تھا لیکن جیت ہماری ہوئی۔

الیکشن جیتنے کے بعد  کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ جو آج آپ کے مخالف ہیں کل آپ کے دوست بن سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور سے فیصل آباد، اٹک اور پھر ڈی جی خان تک عوام کی فتح ہوئی ہے۔

اس سے قبل خواجہ سعد رفیق نے اپنے ایک پیغام میں انکشاف کیا تھا کہ مسلم لیگ ن کے ایک سرگرم کارکن کو اغوا کر لیا گیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ایپلیکیشن ٹوئٹر پر جاری پیغام میں واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عینی شاہدین کے مطابق چار ڈبل کیبن پک اپس پر سوار کالی وردیوں میں ملبوس نامعلوم افراد نے مسلم لیگ ن لاہور کینٹ کے سرگرم رکن باؤ نعیم کو اغوا کیا ہے۔

واقعہ پر ردعمل دیتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے خبردار کیا کہ سیاسی کارکنان کی گرفتاریاں اور اغوا جلتی پر تیل کا کام دیں گی۔

25 جولائی کو منعقد ہونے والے عام انتخابات میں حلقہ این اے 131 سے تحریک انصاف کے سربراہ اور وزیراعظم عمران خان نے کامیابی حاصل کی تھی۔ عمران خان نے 634 ووٹوں کی برتری سے یہ نشست جیتی تھی۔

خواجہ سعد رفیق کی جانب سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی۔ ،مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں عمران خان کی برتری میں کمی آئی تھی۔ جب کہ حلقہ میں مکمل گنتی کی درخواست پر عمران خان نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا تھا جس کے بعد گنتی نہیں کی گئی تھی۔

غیر حتمی انتخابی نتائج سے قبل ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ آج کلی طور پر یکطرفہ الیکشن ہو رہا ہے۔ مخالف امیدوار انتخابی حلقہ میں ایک جلسہ بھی نہیں کرسکا نا ہی پی ٹی آئی کی تنظیم فعال ہو سکی ہے۔


متعلقہ خبریں