ضمنی انتخابات، تبدیلی آئی مگر موروثی سیاست نہ جا پائی



اسلام آباد: پاکستان میں 25 جولائی کو عام انتخابات کے بعد تبدیلی کا نعرہ لگا کر کامیاب ہونے والی تحریک انصاف نے حکومت تو بنا لی لیکن اسٹیٹس کو کی توانا علامتوں میں سے ایک موروثی سیاست اب بھی برقرار ہے۔

14 اکتوبر کو پاکستان کے 35 حلقوں میں ضمنی انتخاب منعقد ہوئے تو کم از کم آٹھ ایسے حلقے سامنے آئے جہاں تحریک انصاف یا اس کے حمایت یافتہ امیدوار بیٹوں، بھائیوں اور بھتیجوں کی شکل میں سامنے آئے ہیں۔

راولپنڈی کے حلقہ این اے 60 میں عام انتخابات کے دوران حنیف عباسی کو سزا سنائے جانے کے باعث انتخابات نہ ہو سکے تھے۔ اس حلقہ سے شیخ رشید عوامی مسلم لیگ کے امیدوار تھے، انہیں تحریک انصاف کی حمایت حاصل تھی۔ آج ہونے والے انتخابات میں شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق میدان میں ہیں۔

شیخ راشد شفیق عوامی مسلم لیگ کے بجائے تحریک انصاف کے نشان پر میدان میں اتارے گئے ہیں۔ اتحادی جماعت کے امیدوار کو پارٹی نشان الاٹ کرنے پر تحریک انصاف کی مقامی تنظیم احتجاج کرتی رہی ہے۔

وفاقی دارالحکومت سے منسلک ٹیکسلا سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 63 موجودہ وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم غلام سرور خان نے خالی کی تھی۔ تبدیلی کے جھنڈے تلے گیس مہنگی کرنے پر شدید تنقید کا سامنا کرتے غلام سرور خان کی نشست پر ان کے صاحبزادے کو میدان میں اتارا گیا ہے۔

این اے 69 گجرات اسپیکر پنجاب اسمبلی اور تحریک انصاف کے اتحادی پرویز الہی نے خالی کی تھی۔ عام انتخابات میں اس حلقہ سے پی ٹی آئی نے امیدوار کھڑا کرنے کے بجائے پرویز الہی کی حمایت کی تھی۔ اس قومی نشست پر پرویز الہی کے بیٹے مونس الہی میدان میں اترے ہیں۔

ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادی اور پرویز الہی کے بھتیجے چوہدری شاہد این اے 63 چکوال سے میدان میں اترے ہیں۔ اس قومی حلقہ سے پی ٹی آئی کی تنظیم بھی بیرونی امیداور کو حمایت کرنے پر احتجاج کرتی رہی ہے۔

موجودہ وزیر دفاع اور سابق وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک اس سے پہلے بھی اہل خانہ کو پارٹی ٹکٹ دینے پر تنقید کا نشانہ رہے ہیں۔ ضمنی انتخاب کے لیے اپنی خالی کردہ نشستوں میں سے پی کے 61 پرویز خٹک کے بیٹے میدان میں ہیں۔

تحریک انصاف رہنما پرویز خٹک اس حوالے سے موروثی سیاست کے بڑے فالور نظر آئے کہ انہوں نے بیٹے کے علاوہ صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 64 نوشہرہ سے اپنے بھائی لیاقت خٹک کو ٹکٹ دلایا۔

عمران خان کی خالی کردہ نشست این اے 35 پر مجلس عمل کے رہنما اکرم درانی کے بیٹے زاہد درانی قسمت آزما رہے ہیں۔ تحریک انصاف نے ان کے مدمقابل جے یو آئی کے سابق رکن اسمبلی کو ٹکٹ دیا ہے۔

تحریک انصاف کے ایک اور رہنما اور اب اسپیکر قومی اسد قیصر کی خالی کردہ نشست پر ان کے بھائی قسمت آزما رہے ہیں۔

ن لیگ چھوڑ کر جنوبی پنجاب صوبہ محاذ بنانے اور پھر اپنی جماعت کو تحریک انصاف میں ضم کرنے والے مخدوم خسرو بختیار بھی موروثی سیاست کی دوڑ میں پیچھے نہ رہے۔ انہوں نے اپنے کزن مخدوم فواد کو پارٹی ٹکٹ دلا کر میدان میں اتارا ہے۔


متعلقہ خبریں