ضمنی انتخابات، الیکشن کمیشن کا شکایتی سیل بحال


اسلام آباد: ضمنی انتخابات میں ووٹنگ کا عمل شروع ہونے کے ایک گھنٹے بعد الیکشن کمیشن نے مرکزی کنڑول روم بحال کر دیا۔

ضمنی انتخابات کے روز میڈیا پر خبریں چلنے کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے مرکزی کنٹرول روم پولنگ ایک کھنٹے بعد فعال کیا گیا، الیکشن کمیشن کی جانب سے قائم کردہ یہ کنٹرول روم پولنگ کی گنتی مکمل ہونے تک اپنا کام جاری رکھے گا۔

مرکزی شکایتی سیل میں شکایات موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے، بلوچستان اور سندھ سے اب تک کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی جبکہ اسلام آباد سے تین شکایات موصول ہوچکی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب سے 12 جبکہ خیبر پختون خوا سے دو شکایات موصول ہوئی ہیں، زیادہ تر شکایات معمولی نوعیت کی تھیں۔ شکایات سے متعلقہ ریٹرننگ افسران کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پوری کوشش ہوگی کے پولنگ کے دوران ملنے والی تمام شکایات کا بروقت ازالہ کیا جا سکے، انتخابات کے عمل کے حوالے سے معلومات فراہم کرتے ہوئے ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات کے حوالے سے تمام پولنگ اسٹیشن میں انتظامات مکمل ہیں۔

الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات کے حوالے سے پولنگ کے عمل کی نگرانی کے لیے 27 مانیٹرینگ ٹیمیں بھی تشکیل دے چکا ہے جن کا کام پولنگ کے عمل کی نگرانی کرنا ہوگا۔

آج ملک بھر کے 35 حلقوں کے لیے ضمنی انتخابات کا معرکہ لگ چکا ہے، جہاں قومی اور پنجاب اسمبلی کے 11، 11 حلقوں کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا اسمبلی کی 9، سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں کے 2، 2 حلقوں میں ووٹنگ جاری ہے۔


متعلقہ خبریں