پی ٹی آئی کے ایم پی اے نے ن لیگی کونسلر کو تھپڑ مار دیا


ٹیکسلا: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار برائے قومی اسمبلی منصور حیات خان نے میڈیا سے بدتمیزی کی جب کہ تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی نے مسلم لیگ (ن) کے کونسلر کو تھپڑ مار دیا۔

قومی اسمبلی کی نشست این اے 63 سے تحریک انصاف کے امیدوار اور وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان کے بیٹے منصور حیات نے واہ کینٹ میں میڈیا کی جانب سے سوالات پوچھنے پر انہیں دھکے دیے جب کہ تحریک انصاف کے کارکنان نے بھی میڈیا نمائندوں کے ساتھ بدتمیزی کی۔

منصور حیات خان نے میڈیا کی جانب سے سوالات پوچھنے پر کہا کہ آپ فضول باتیں کر رہے ہیں، میڈیا کو تو بس موقع چاہیے اور پھر میڈیا نمائندوں کو دھکے دیتے ہوئے کارکنان سے میڈیا کو پیچھے ہٹانے کی ہدایت کی جس کے بعد تحریک انصاف کے کارکنان نے میڈیا نمائندوں سے بدتمیزی کی اور دھکے دیے۔

واہ کینٹ سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کونسلر توقیر منہاس کو تھپڑ مار دیے۔

قومی اسمبلی کی نشست این اے 63 اور این اے 59 سے وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے تاہم غلام سرور خان کی جانب سے این اے 63 کی نشست خالی کی گئی تھی جس پر اُن کے بیٹے منصور حیات خان کو ضمنی انتخابات میں ٹکٹ جاری کیا گیا۔

غلام سرور خان این اے63 سے ایک لاکھ دو ہزار 267 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے تھے جب کہ اُن کے مدمقابل سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے 66 ہزار 610 ووٹ حاصل کیے تھے۔


متعلقہ خبریں