سابق کپتان ظہیر عباس دل کے عارضے میں مبتلا


کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ایشین بریڈ مین کے لقب سے مشہور لیجنڈری کرکٹر ظہیرعباس دل کے عارضے میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

جمعہ کو دل میں تکلیف کے باعث 71 سالہ کرکٹر کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے دل کی شریانوں کی بندش کے باعث فوری طور پر ان کی انجیو گرافی کا فیصلہ کیا اور دو اسٹنٹ بھی ڈالے، کامیاب آپریشن کے بعد ظہیر عباس کو آئی سی یو منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سابق کپتان کے آپریشن کے دوران انہیں کئی پیچیدگیوں کا سامنا رہا مگر اب ان کی حالت پہلے سے بہتر ہے۔

ایشین بریڈمین کے نام سے مشہور کرکٹر کے بھائی صغیر عباس کا کہنا ہے کہ ظہیر عباس سے ملاقات پر پابندی ہے تاہم ان کے پرستاروں سے اپیل کرتے ہیں کہ ان کی صحت یابی کے لیے دعا کریں۔

لیجنڈری کرکٹر فرسٹ کلاس کرکٹ میں 100 سنچریاں بنانے والے واحد ایشین بیٹسمین ہیں اور انٹرینشنل کرکٹ کونسل میں صدر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دینے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔

ظہیر عباس 78  ٹیسٹ میچوں میں 44 کی اوسط سے 5062 رنز بنا چکے ہیں جس میں 12 سنچریاں بھی شامل ہیں جبکہ وہ 12 ایک روزہ میچوں 7 سنچریوں کی مدد سے 2572 رنز بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں