وزیراعظم آئندہ ہفتے قوم سے خطاب کریں گے، اسد قیصر

اسد قیصر (asad qaisar)

صوابی: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے وزیر اعظم عمران خان قوم سے خطاب کریں گے۔

اتوار کے روز اسد قیصر نے صوابی کے مرغز پرائمری اسکول میں اپنا ووٹ پول کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ضمنی انتخابات میں عام طور پر ٹرن آوٹ کم ہوتا ہے۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ لوگ ووٹ دینے کے لیے گھروں سے نکلیں۔

ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 35 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ اسپیکر اسد قیصر نے مزید کہا کہ ووٹنگ شفاف طریقے سے جاری ہے۔

حکومتی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ہم پہلی مرتبہ حقائق سامنے لائے ہیں، ہم نے معاشی صورتحال سے قوم کو آگاہ کیا ہے۔

اپوزیشن جماعتوں پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی ایک عارضی بھونچال ہے، اس کے بارے میں پروپیگنڈا بہت زیادہ کیا جا رہا ہے۔ جو لوگ قیمتوں میں اضافہ کر رہے ہیں، ان کے خلاف کریک ڈاؤن کریں گے۔

اپنے بیان میں اسپیکر نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پریشانی کی کوئی بات نہیں، قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

اسد قیصر کی خالی کردہ خیبر پختونخواہ اسمبلی کی نشست پر ان کے بھائی عاقب اللہ خان قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں