نواز شریف شناختی کارڈ نہ ہونے کے سبب ووٹ نہیں ڈال سکے


لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 124 میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے آخری لمحات میں پہنچے تو اپنا قومی شناختی کارڈ نہ ہونے کے سبب ووٹ نہیں ڈال سکے۔

نوازشریف نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ریلوے اسٹیشن میں اپنا ووٹ کاسٹ کرنا تھا تاہم قومی شناختی کارڈ نہ ہونے کے سبب پولنگ عملے نے انہیں ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت نہیں دی۔ اس موقع پر ان کی والدہ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

سابق وزیراعظم کی جانب سے شناختی کارڈ بھولنے پر سینئر صحافی مبشر زیدی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف تین بار وزیراعظم رہ چکے ہیں اور انہیں اس غفلت پر سیاسی مخالفین کی طرف سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مبشرزیدی نے کہا کہ نوازشریف’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کا نعرہ لگاتے رہے ہیں لیکن شاید خود یہ بھول گئے کہ ووٹ کو عزت بھی تب ہی مل سکتی ہے جب آپ کے پاس شناختی کارڈ ہو۔

این اے 124 کی سیٹ حمزہ شہباز نے پنجاب میں اپوزیشن لیڈر منتخب ہونے کے بعد چھوڑی تھی اور ضمنی انتخاب میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اس حلقہ سے امیدوار ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے این اے 124 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شاہد خاقان عباسی کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما غلام محی الدین شاہد خاقان عباسی کے مد مقابل الیکشن لڑ رہے ہیں اور انہوں نے بھی کامیابی کا دعویٰ کر رکھا ہے۔

ن لیگی رہنما علی پرویز ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ این اے 124 سے نواز شریف کے حمایت یافتہ امیدوار سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بڑے مارجن سے کامیاب ہوں گے۔


متعلقہ خبریں