الیکشن کمیشن کی آر ٹی ایس سے متعلق ہدایات جاری


اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم(آر ٹی ایس) سے متعلق ریٹرننگ اور پریزائیڈنگ افسران کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامے کے مطابق  نتائج کی گنتی مکمل کرنے کے بعد نتیجہ ریٹرننگ افسر(آر او) اور الیکشن کمیشن کو آر ٹی ایس کے ذریعے بھیجا جائے گا۔

ہدایت نامے کے متن میں یہ بھی درج ہے کہ نتائج کی تصویر انٹرنیٹ کی عدم دستیابی یا ہارڈویئر اور سافٹویئر کی خرابی کے باعث اگر الیکشن کمیشن کو نہ پہنچائی جا سکے تو پریزائیڈنگ افسر آر او کے دفتر پہنچائے۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت جاری کی کہ ریٹرننگ افسر کے دفتر میں پریزائیڈنگ افسر ذاتی طور پر نتائج جمع کرائے اور آر اوز کے دفتر سے نادرا حکام کے ذریعے نتائج آر ٹی ایس کے ذریعے الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر بھجوائے جائیں۔

خیال رہے کہ آج ملک بھر کے 35 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں ووٹنگ ہوئی جس کا وقت اب ختم ہوچکا ہے جبکہ گنتی کا عمل جاری ہے۔

قومی اسمبلی کے گیارہ اور صوبائی اسمبلیوں کے گیارہ حلقوں میں  641 امیدواروں میں مقابلہ ہو رہا ہے۔


متعلقہ خبریں