ضمنی الیکشن کے نتائج مکمل، پی ٹی آئی جیتی نشستیں ہار گئی



اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ضمنی انتخابات 2018 میں ملک بھر کے 34 حلقوں کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ حکمراں جماعت تحریک انصاف قومی و صوبائی اسمبلیوں میں جیت کے بعد خالی کی گئی متعدد نشستیں ہار گئی۔

قومی اسمبلی کی گیارہ نشستوں میں سے چار تحریک انصاف، چار ن لیگ، دو مسلم لیگ ق اور ایک متحدہ مجلس عمل کے نام رہی۔

صوبائی اسمبلیوں کے 24 حلقوں کے نتائج بھی مکمل ہو چکے ہیں۔ ان نتائج کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کو اپنی جیتی ہوئی متعدد نشستیں ہارنا پڑی ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ نواز نے بھرپور واپسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ نشستوں پر کامیابی سمیٹی۔ پی ٹی آئی کو تین اور آزاد امیدواروں کو دو نشستیں ملیں۔ مظفر گڑھ میں ماں نے بیٹے کو ہرا دیا، پی پی 272 سے تحریک انصاف کی امیدوار زہرہ بتول کامیاب ٹھہریں جب کہ ہارون سلطان بخاری پر قسمت مہربان نہ ہوئی۔

سندھ میں پیپلز پارٹی دو نشتوں پر کامیاب رہی۔

خیبرپختون خوا  میں تحریک انصاف چھ نشستوں کے ساتھ سب سے آگے رہی البتہ یہاں بھی حکمراں جماعت کو اپنی جیتی ہوئی دو نشستیں کھونا پڑیں۔ عوامی نیشنل پارٹی کو دو جب کہ ن لیگ کو صوبائی اسمبلی کی ایک نشست پر کامیابی ملی۔

بلوچستان اسمبلی کی ایک نشست بی این پی نے حاصل کی جب کہ ایک نشست پر آزاد امیدوار کامیاب ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں