گھروں کی تعمیر کا منصوبہ صنعت کو فروغ دیگا، ماہرین


اسلام آباد: ملک کے معاشی امور کے ماہرین اور کاروباری و تجارتی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اعلان کردہ پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف معاشی سرگرمیاں شروع ہوں گی، ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ مقامی صنعتوں کو بھی فروغ ملے گا۔

ان خیالات کا اظہاروزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے کیا جس میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر، مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد، حسین داؤد، علی ایس حبیب، بشیر محمد، عارف حبیب، میاں عبداللہ، طارق سہگل، خرم مختار، فواد احمد مختار، ڈاکٹر سلمان شاہ اور ڈاکٹر اشفاق حسن خان سمیت دیگرشامل تھے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات میں ملک کی موجودہ معاشی صورتحال پر غور کیا گیا اوروہ امور زیر بحث آئے جن پر عملدرآمد کرکے نہ صرف اقتصادی بحرانی کیفیت سے نکلا جاسکتا ہے بلکہ پاکستان تحریک انصاف کے اصلاحاتی ایجنڈے کوبھی پایہ تکمیل تک پہنچانا ممکن ہوسکتا ہے۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق شرکائے ملاقات نے اعتراف کیا کہ موجودہ حکومت کو بے پناہ مسائل کا سامنا ہے لیکن ان سے نمٹنے کے لیے جو اقدامات اٹھائے جارہے ہیں وہ قابل قدر ہیں۔ شرکا کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات سے معاشی صورتحال بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔

ہم نیوز کے مطابق شرکا نے وزیراعظم عمران خان کو متعدد وہ تجاوز پیش کیں جن پر عملدرآمد کرکے مقامی صنعت کو فروغ دیا جاسکتا ہے اورعالمی مارکیٹ میں مقامی صنعتکاروں کے لیے جگہ بنانا ممکن ہوسکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں معاشی ماہرین، اور صنعتکاروں و تاجروں کے نمائندہ وفد نے وزیراعظم عمران خان کو یقین دہانی کرائی کہ وہ حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد اور درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہرممکن تعاون کریں گے۔

ملاقات کے دوران ان اقدامات پر غور و خوص کیا گیا جو فوری طور پرحکومت کو اٹھانے چاہئیں اوران منصوبوں پر بھی گفتگو ہوئی جو قلیل المدتی وطویل المدتی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق زراعت و صنعت کی ترقی و فروغ کے ساتھ ساتھ ان مسائل پر بھی بات چیت کی گئی جو ملکی معیشت کے لیے زہر قاتل کی حیثیت رکھتے ہیں اورفیصلہ کیا گیا کہ حکومت ملک کی اقتصادی صورتحال کی بہتری کے لیے تمام ممکنہ وسائل استعمال کرے گی۔

یہ فیصلہ بھی ہوا کہ ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب کرنے والے اقدامات کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کرنے والے وفد کا دی جانے والی گراں قدر تجاویز اورآرا پر شکریہ ادا کیا اوریقین دہانی کرائی کہ حکومت ہر ممکن کوشش کررہی ہے کہ موجودہ مشکل معاشی صورتحال کے غریبوں پر اثرات مرتب نہ ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ یقیناً مشکل معاشی حالات میں بہتری پیدا کرنے کے لیے سخت فیصلے کیے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صنعتکاروں، تاجروں اور بزنس مینوں کی جانب سے دی جانے والی تجاویز پر عملدرآمد کرکے حکومت سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی جانب راغب کرسکے گی جس سے مقامی صنعت کو فروغ ملے گا۔


متعلقہ خبریں