ضمنی انتخابات کے 5 اہم حلقے: کون کہاں سے جیتا؟


اسلام آباد: ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی کل 35 نشستوں پر ضمنی انتخابات 14 اکتوبر کو ہوئے جن میں قومی اسمبلی کے گیارہ اور صوبائی اسمبلیوں کے 24 حلقوں میں  641 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔

ان تمام حلقوں میں زیادہ اہمیت کے حامل پانچ حلقے سمجھے جارہے تھے جن میں حلقہ این اے 60 راولپنڈی، حلقہ این اے 69 گجرات، حلاقہ این اے 124 لاہور، حلقہ این اے 131 لاہور، اور حلقہ این اے 243 کراچی شامل ہیں۔ یہاں ہم آپ کو ان کی صورت حال سے آگاہ کررہے ہیں۔

حلقہ این اے-60:

راولپنڈی کے حلقہ این اے 60 میں عام انتخابات سے کچھ دن قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حنیف عباسی کے خلاف ایفیڈرین کیس میں فیصلہ آنے کے بعد الیکشن ملتوی کر دیا گیا تھا۔

این اے 60 راولپنڈی کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق پی ٹی آئی کے شیخ راشد شفیق 44483 ووٹ لے کر کامیاب قرار دیے گئے ہیں جبکہ ن لیگ کے سجاد خان 43836 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

حلقہ این اے-69:

گجرات کے حلقہ این اے 69 کی نشست پاکستان مسلم لیگ (ق) کے چوہدری پرویز الٰہی نے جیتی تھی مگر پنجاب اسمبلی کا اسپیکر منتخب ہونے کے بعد انہوں نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

حلقہ این اے 69 گجرات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق  ق لیگ کے مونس الہی کو 61723 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ پی ایم ایل این کے امیدوار عمران ظفر 19867 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

حلقہ این اے-124:

لاہور کے حلقہ این اے 124 سے عام انتخابات میں حمزہ شہباز شریف منتخب ہوئے تھے مگر پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کردار ادا کرنے کے لیے انہوں نے اس نشست سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

حلقہ این اے 124 کے کل 415 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے شاہد خاقان عباسی 75012 ووٹ لے کرکامیاب ہوگئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے غلام محی الدین 30115 ووٹ لے کر دوسرے نمبرپر رہے۔

حلقہ این اے-131:

لاہور کے حلقہ این اے 131 سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور وزیر اعظم عمران خان نے کامیابی حاصل کی مگر حتمی طور پر انہوں نے میانوالی کی نشست کو قائم رکھا اور باقی تمام نشستوں سے استعفیٰ دے دیا۔

خواجہ سعد رفیق 60476 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے ہمایوں اختر کو 50245 ووٹ ملے۔

حلقی این اے-243:

کراچی کے حلقہ این اے 243 سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور وزیر اعظم عمران خان نے کامیابی حاصل کی مگر حتمی طور پر انہوں نے میانوالی کی نشست کو قائم رکھا اور باقی تمام نشستوں سے استعفیٰ دے دیا۔

این اے 243 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے عالمگیر خان 35727 ووٹ لے کر  کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ  ایم کیوایم کے عامر ولی الدین چشتی 15113 ووٹ لےکردوسرے نمبر پر رہے۔


متعلقہ خبریں