گجرات اور چکوال کو پسماندہ رکھا گیا، چودھری پرویز الہی

Chaudhry Pervez Elahi

گجرات: اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ گجرات اور چکوال کو جان بوجھ کر پسماندہ رکھا گیا۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گجرات کو شہباز شریف نے نظراند از کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب میں وزیراعلیٰ پنجاب تھا تو محور غریب آدمی تھا اورآج بھی وہی ہے۔

وہ اپنے صاحبزادے مونس الہی کی ضمنی انتخاب میں کامیابی پرپارٹی کارکنان سے خطاب کررہے تھے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا کہ میں عمران خان اورپاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمیں سپورٹ کیا۔

انہوں نے وعدہ کیا کہ ادھورے کام دوبارہ شروع ہوں گے اورعام آدمی کی بہتری کے لیے پہلے سے زیادہ خدمت کریں گے۔

چودھری پرویزالہی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کاندھے سے کاندھا ملا کرچلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ کو تبدیلی نظر آئے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مونس الہی کو حلقے کے عوام کی خدمت کرنے کی توفیق عطا کرے۔

چودھری پرویز الہی کے صاحبزادے مونس الہی نے کہا کہ شکریہ ادا کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ شرکا سے انہوں نے کہا کہ میں نے جو وعدے کیے تھے وہ پورے کروں گا۔


متعلقہ خبریں