پی ٹی آئی نے کراچی کو وفاق سے جوڑ کر تحفہ دیا، عالمگیر خان

قومی اسمبلی: فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان کے بل پر حکومتی اراکین تقسیم

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے کامیاب انتخابی امیدوار عالمگیر محسود خان نے سیاسی مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سن لو! میں تم پر ذہنی تشدد کروں گا۔ کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکرادا کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رب کا شکر گذار ہوں کہ اتنا بڑا اعزاز دیا۔

ہم نیوز کے مطابق غیر سرکاری اور غیرحتمی نتائج کے تحت کامیاب انتخابی امیدوارعالمگیر خان محسود  نے ڈسکو بیکری گلشن اقبال پر پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی نشست کی ذمہ داری ملی، یہ میرے لیے اعزاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 30 سال اس شہر کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا۔ ان کا استفسار تھا کہ کس نہج پہ لا کر شہر کو کھڑا کردیا گیا ہے؟

عالمگیر خان محسود نے کہا کہ عمران خان نے 30 دن میں کھارے پانی کو میٹھا کرنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ  کراچی کے لیے اعلان اس لیے کیا تاکہ وسیم اختر رونا دھونا چھوڑ دے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم نے اعلان کیا ہے کہ جو نوکریاں دی جائیں گی اس میں بڑا حصہ کراچی کا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج سے پہلے اعلانات صرف لاہور اور لاڑکانہ کے لئے ہوتے تھے لیکن پی ٹی آئی نے کراچی کو وفاق سے جوڑ کر سب سے بڑا تحفہ دیا۔

عالمگیر محسود خان نے دعویٰ کیا کہ عمران خان نے مجھے ٹکٹ میرٹ کی بنیاد پردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واحد حلقہ ہے جہاں نوجوانوں نے 30 سال پرانی جماعت کو شکست دی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج سے پہلے ہم علاقائی جماعت سے مسائل کا حل چاہتے تھے اور پی ٹی آئی مخالفین ہم پر دھاندلی کا الزام لگاتے تھے۔

پاکستان تحریک انصاف کے کامیاب انتخابی امیدوار عالمگیر محسود خان نے کہا کہ آج چیلنج کرتے ہیں کہ جہاں سے چاہو، آؤ مقابلہ کرتے ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی نے کہا ہے کہ ہم کراچی کو پیرس نہیں صرف کراچی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لیکن کراچی کو ایسا بنائیں گے کہ پیرس والے دیکھ کر رشک کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی والوں کا بہت شکریہ کہ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف پہ بھروسہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج صدر مملکت، گورنر جنرل، اٹارنی جنرل اورفنانس منسٹر سمیت آدھی وفاقی کابینہ کراچی سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی والوں! یہ فرق ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم اتنی بڑی ہوگئی ہے کہ نام بھی یاد کرنے پڑتے ہیں۔

وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی نے کہا کہ کراچی اب فکس ہوگا۔


متعلقہ خبریں