سعد رفیق اور بھائی کو 24 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت مل گئی


لاہور: لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کو 24 اکتوبر تک ضمانت مل گئی ہے۔

پیر کے روز خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی جانب سے حفاظتی ضمانت کے لیے دائر کردہ درخواست کی سماعت جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے کی۔

عدالتی کارروائی سے قبل خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق لاہور ہائی کورٹ پہنچے تو خواجہ برادران کے وکیل ایڈووکیٹ اعظم نذیر تارڑ اور ایڈووکیٹ امجد پرویز بھی عدالت میں موجود تھے۔

لاہور ہائی کورٹ کے روبرو دائر درخواست میں خواجہ سعد اور سلمان رفیق نے مؤقف اختیار کیا کہ نیب انہیں غیر قانونی طور پر گرفتار کر سکتی ہے، لہٰذا نیب کو ممکنہ گرفتاری سے روکا جائے۔

درخواست میں واضح کیا گیا تھا کہ زیرتفتیش معاملہ پر خواجہ سعد اور سلمان رفیق  نیب کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔

حکومت کی جانب سے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے پاسپورٹ منسوخ کیے جا چکے ہیں جس کے بعد وہ بیرون ملک سفر نہیں کر سکتے۔ اتوار کو نیوز بریفنگ کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو رہی ہے۔

سعد رفیق اور سلمان رفیق کی جانب سے اس دعوی کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ انہیں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

قبل ازیں سابق وزیر ریلوے اور ان کے بھائی سلمان رفیق نے نیب میں زیر التواء مقدمات پر اسلام اباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

سعد رفیق کے وکیل کامران مرتضٰی نے عدالت کو بتایا تھا کہ نیب کی طرف سے کال اپ نوٹس جاری کیے گئے ہیں، نیب کی جانب سے ان کے موکل کی گرفتاری کا خدشہ ہے اس لیے ان کو حفاظتی ضمانت دی جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے خواجہ سعد رفیق کی قومی احتساب بیورو میں زیر التواء مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست خارج کر دی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس عامر فاروق نے سعد رفیق کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ سنایا تھا جس میں عدالت نے ریمارکس دیے کہ لاہور ہائی کورٹ بینچ یہاں سے 45 منٹ کی دوری پر ہے درخواست گزار نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیوں نہیں کیا؟

سعد رفیق کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اپنایا تھا کہ ان کے کلائنٹ بڑی مشکل سے یہاں تک پہنچے ہیں، وہاں گئے تو گرفتار کر لیے جائیں گے۔

 


متعلقہ خبریں