روپے کے مقابل ڈالر کی پھر اونچی اڑان


کراچی: گزشتہ اضافہ کے بعد کچھ دن ملے جلے رجحان کا شکار رہنے کے بعد ڈالر نے ایک بار پھر اونچی اڑان بھری ہے۔ پیر کے روز انٹر بینک کرنسی مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے 47 پیسے جب کہ اوپن مارکیٹ میں 70 پیسے مہنگا ہوا۔

کرنسی ڈیلرز کے مطابق  انٹر بینک میں ڈالر کی قدر ایک روپے 47 پیسے اضافہ کے ساتھ  131.93 سے بڑھ کر 133.40 روپے ہو گئی ہے۔

دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 70 پیسے مہنگا ہوگیا۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 132.30 سے مہنگا ہوکر 133 روپے کا ہو گیا ہے۔

کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ انٹر بینک میں ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر مہنگا ہوا۔

گزشتہ کاروباری ہفتہ کے آخری روز جمعہ کو انٹر بینک کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں دو روپے کی کمی ہوئی تھی۔

فاریکس ڈیلرز کے مطابق جمعہ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابل ڈالر کی قدر دو روپے گر گئی تھی لیکن آج ایک بار پھر ڈالر کی قدر میں تقریبا ڈیڑھ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ منگل کو انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 12 روپے 75 پیسے مہنگا ہو کر137 روپے تک فروخت ہوا تھا تاہم مارکیٹ کے اختتام پر ڈالر کی قیمت 133 روپے 64 پیسے رہی تھی۔ ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے ایک دن میں پاکستان کے بیرونی قرضوں میں 900 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا تھا۔

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ ڈالر کے مقابل روپے کی قدر گرا کر 145 روپے فی ڈالر کی سطح تک لائی جائے لیکن پاکستانی حکام کا موقف تھا کہ بیرونی اکاؤنٹ کے چیلنج سے نمٹنے کے لے اس مالیاتی سال کے آخر تک شرح تبادلہ 137 روپے فی ڈالر کافی رہے گی۔


متعلقہ خبریں