‘کبھی حکومت کے ابتدائی دنوں میں ضمنی انتخاب کا ایسا نتیجہ نہیں آیا’


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی حکومت کے ابتدائی 50 دنوں کے اندر ضمنی انتخابات کا اس طرح کا نتیجہ نہیں آیا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ وہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی پزیرائی پر اللہ تعالی اورپاکستان کے عوام کے مشکور ہیں۔

انتخابی نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوام نے مسلم لیگ کو توقعات سے بڑھ کر ووٹ دیے ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ پہلے 50 دنوں میں اسطرح کے نتائج پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آئے ہیں۔ میں جیل میں رہا، شہباز صاحب جیل میں ہیں، خواجہ سعد رفیق صاحب کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے وہ بھی سب کو پتا ہے، میں اور شاہد خاقان عباسی غداری کے مقدمہ کا سامنا کر رہے ہیں لیکن اس سب کے باوجود عوام نے مسلم لیگ ن کو ووٹ دیے۔

نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ نے  پی ٹی آئی کی سیٹیں جیتی ہیں۔ شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کی سیٹ کے متعلق انہوں نے دعوی کیا کہ راولپنڈی کی نشست پر بھی نون لیگ کی فتح ہوئی ہے۔

مسلم لیگ کے تاحیات قائد نے کہا ہم نے جانفشانی کے ساتھ اپنا فرض ادا کیا، سب اس ملک کی خیر مانگیں، چار سالوں میں ڈالر 104 روپے سے بڑھا نہیں اور اب 137 تک پہنچ گیا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ نون لیگ کے دور میں کوئی مہنگائی نہیں تھی، لوگ خوش تھے۔ پی ٹی آئی حکومت کے 50 دنوں میں ڈالر اور مہنگائی کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اللہ کے فضل و کرم سے آگے حالات بدل جائیں گے۔


متعلقہ خبریں