پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ کل کھیلا جائے گا

پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ کل کھیلاجائے گا | urduhumnews.wpengine.com

دبئی: پاکستان اور آسٹریلیا کے  مابین جاری دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا مقابلہ کل ابوظہبی میں ہوگا تا ہم قومی ٹیم کے کھلاڑی امام الحق زخمی ہونے کے سبب میدان میں نظر نہیں آئیں گے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس کے لیے بھرپور پریکٹس کی جارہی ہے۔

امام الحق بائیں ہاتھ کی انگلی میں انجری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف دوسرا میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں 76 اور دوسری اننگز میں 48 رنز بنائے تھے۔

منگل سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں ان کی جگہ فخرزمان کو ڈیبیو کرائے جانے کا امکان ہے۔ 

پہلے میچ میں فاسٹ باؤلر وہاب ریاض بھی متاثرکن کارکردگی نہیں دکھا پائے تھے، ان کی جگہ حسن علی کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

پاکستانی باؤلرز نے اولین ٹیست کی پہلی اننگز میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے آسٹریلیا کو 202 رنز تک محدود رکھا تھا۔ پہلی اننگز میں ڈیبیو کرنے والے بلال آصف نے 36 رنز دے کر چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور محمد عباس نے چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔

قومی ٹیم کے بلے بازوں نے پہلی اننگز میں 482 اسکور بنائے اور دوسری اننگز  181 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی جب کہ لمبے عرصے بعد کم بیک کرنے والے محمد حفیظ اور حارث سہیل نے سینچریاں  بنائی تھیں۔ پاکستان نے اننگ ڈکلیئر کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم کو جیت کے لیے مجموعی طور پر 462 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پہلے ٹیسٹ میچ کے آخری روز کھیل کے آغاز پر آسڑیلیا کو جیت کے لیے 313 رنز اور پاکستان کو جیت کے لیے سات وکٹیں درکار تھیں لیکن عثمان خواجہ کی ذمہ دارانہ بلے بازی نے میچ ڈرا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

دبئی میں جاری حالیہ ٹیسٹ سیریز دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 24 ویں سیریز ہے۔


متعلقہ خبریں