وزیر اعظم ہاؤس کی مزید 49 گاڑیاں نیلام ہوں گی


اسلام آباد: وزیر اعظم ہاؤس کی مزید 49 گاڑیاں 17 اکتوبر کو نیلام کی جائیں گی۔

وزیراعظم عمران خان کی کفایت شعاری مہم جاری ہے۔ وزیر اعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ اب 17 اکتوبر کو ہوگا جس میں وزیر اعظم ہاؤس کی 49 گاڑیاں نیلام کی جائیں گی۔

ایڈمنسٹریٹر وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق گاڑیاں خریدنے کے خواہشمند افراد پیر اور منگل کو وزیراعظم ہاؤس میں گاڑیوں کا معائنہ کر سکتے ہیں۔

وزیر اعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی کا عمل فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی نگرانی میں کیا جائے گا جب کہ نیلامی کے لیے پیش کی جانے والی گاڑیوں میں 19 بلٹ پروف، دو بم پروف اور 27 نان بلٹ پروف گاڑیاں شامل ہیں۔

گزشتہ ماہ 17 ستمبر کو پہلے مرحلے میں وزیر اعظم ہاؤس کی 102 گاڑیاں نیلامی کے لیے پیش کی گئی تھیں جن میں سے 61 گاڑیاں نیلام ہوئی تھیں۔

تحریک انصاف کی سربراہی میں قائم اتحادی حکومت کو توقع ہے کہ ان گاڑیوں کی فروخت سے کروڑوں روپے کی آمدن ہو سکے گی جب کہ وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کہہ چکے ہیں کہ گاڑیوں کو ان کی مارکیٹ قیمت سے زائد پر فروخت کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں