پی ٹی آئی غلطیوں کی وجہ سے نشستیں ہاری، خورشید شاہ

عمران خان اپنی غلط زبان پر پچھتائیں گے، خورشید شاہ

سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عوام تیزی سے گرتی ہوئی معیشت پر پریشان ہیں، عمران خان حکومت کی 50 دن کی کارکردگی زیرو نہیں بلکہ مائنس میں ہے۔

خورشید احمد شاہ نے ضمنی انتخابات کے نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) جانے سمیت یو ٹرنز کے بعد اب ان کے جیتے ہوئے حلقوں میں بھی یو ٹرن آ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں عام طور پر ہر جماعت اپنی خالی کردہ نشستیں دوبارہ جیت لیتی ہے لیکن اس بار ایسا نہیں ہوا شاید تحریک انصاف کی کارکردگی سے عوام بیزار ہو گئے ہیں۔

حکومت کو تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ضمنی انتخابات کے دوران اپنی غلطیوں کی وجہ سے پچاس فیصد نشستیں ہاری۔

سید خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں اپنی نشستیں دوبارہ جیت لی ہیں جب کہ چوہدری برادران نے بھی اپنی خالی کردہ نشستیں جیت لی ہیں۔ عمران خان کی حکومت کی 50 روزہ کارکردگی کا ری ایکشن جلد ہی سامنے آگیا۔

پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ لاہور میں عوام نے تحریک انصاف کو جلد ہی شکست سے دو چار کردیا اور تحریک انصاف سوات میں بھی اپنی دونوں نشستیں ہار گئی۔ اس وقت عوام تیزی سے گرتی ہوئی ملکی معیشت پر پریشان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ماہرین کی کارکردگی عام فہم لوگوں جیسی بھی نہیں ہے، ضمنی انتخابی نتائج کے بعد اسمبلیوں میں اپوزیشن کی آواز مزید زور پکڑے گی۔


متعلقہ خبریں