کراچی میں مردے کے نام پر جعلی بینک اکاؤنٹس کا انکشاف


کراچی میں مردے کے نام پر جعلی اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا ہے۔ اقبال آرائیں کے نام پر تین مختلف بینکوں میں چار اکاؤنٹس کھولے گئے۔

ہم نیوز کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے تحقیقاتی حکام کا کہنا تھا کہ کراچی کے علاقے شادمان کا رہائشی اقبال آرائیں 2014 میں انتقال کرچکا تھا جس کے نام پر کھلے اکاؤنٹس میں چار ارب 60 کروڑ روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی ہیں۔

یاد رہے چند روز قبل سیالکوٹ میں گھر بیٹھا شہری مذاکر شاہ کروڑ پتی بن گیا۔ مذاکر شاہ کا ایک جعلی اکاونٹ سامنے آیا تھا مگر تحقیقاتی  ٹیم کی مزید کارروائی کے بعد آج  یہ انکشاف ہوا ہے کہ ان کے نام پر ایک نہیں بلکہ تین جعلی اکاؤنٹس ہیں۔

پہلا اکاؤنٹ اسٹنڈرڈ چارٹرڈ، دوسرا حبیب میٹرو پولیٹن بینک جبکہ تیسرا اکاؤنٹ الفلاح بینک میں ہے۔ تینوں سیالکوٹ کے بینکوں کی مختلف برانچز میں ہی ہیں۔

ہم نیوز کو موصول ہوئی اطلاعات کے مطابق ان اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے کی ٹرانزکشن ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ تحقیقاتی حکام نے یہ بھی بتایا کہ مذاکر شاہ کے پہلے اکاؤنٹ میں ساڑھے سات کروڑ کی رقوم منتقلی کی بینک اسٹیٹمنٹ سامنے آئی ہے۔ اکاونٹس میں سوات، کراچی اور لاہور سے رقوم منتقل کی گئیں۔

شہری نے جے آئی ٹی کو بیان ریکارڈ کرا دیا، وہ تمام اکاؤنٹس اور ٹرانزیکشن سے لاعلم تھا۔

شہری مذاکر شاہ کا جے آئی ٹی حکام کو بیان دیتے ہوئے کہنا تھا کہ جعلی اکاؤنٹ استعمال کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے نے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی۔ خدشہ ہے رقم ملک کےخلاف مذموم مقاصد کے لیے استعمال کی گئی ہو۔

شہری کا شکوہ تھا کہ جعلی اکاؤنٹ کے بارے میں متعلقہ بنک تفصیلات سے آگاہ نہیں کر رہا۔ تینوں جعلی اکاؤنٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔


متعلقہ خبریں