اسلام آباد سے پکڑے گئےنایاب عقاب آزاد


اسلام آباد: ائیرپورٹ سے پکڑے گئے نایاب عقابوں کو آزاد کردیا گیا۔

کسٹم حکام نے بتایا کہ گزشتہ روزایئرپورٹ سے تحویل میں لیے جانے والے تمام عقابوں کو آزاد کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان عقابوں کو بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی تاہم کسٹم نے کارروائی کرتے ہوئے یہ کوشش ناکام بنا دی اور عقابوں کو محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کردیا تھا۔

کسٹم حکام نے بتایا کہ لاکھوں کی مالیت کے عقابوں کو دامن کوہ کے جنگلات  کی فضاؤں میں چھوڑ دیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ہر برس بیرون ملک اسمگل کرنے کے لیے نایاب نسل کے سینکڑوں عقابوں کا غیر قانونی شکار کیا جاتا ہے۔

ہر برس سردی کی شدت کے باعث سائیبیریا سے عقاب ہزاروں میل دور جنوبی ایشیا کے گرم علاقوں میں ہجرت کرکے آتے ہیں جبکہ یہ عقاب روس سے ہجرت کرکے پاکستان آتے ہیں اور ہر برس ان کا غیر قانونی شکار کیا جاتا ہے اور اس کی وجہ انہیں بیرون ملک اسمگل کرنا ہوتی ہے۔

ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق ہرسال پانچ سے چھ ہزارعقابوں کو اسمگل کرکے مشرق وسطی کے ممالک میں  فروخت کیا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں