انتخابی دھاندلی پر 30 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل


اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے انتخابی دھاندلی سے متعلق 30 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

ہم نیوز کو موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق کمیٹی کی سربراہی وزیر دفاع پرویز خٹک کو دیے جانے کا امکان ہے تاہم چند روز قبل وزیراعظم عمران خان کو پارٹی کی سینئر قیادت نے دھاندلی کی تحقیقات کے لیے قائم ہونے والی پارلیمانی کمیٹی کی سربراہی اپنے پاس رکھنے کا مشورہ دیا تھا۔

اجلاس کے بعد جاری کردہ نوٹفکیشن کے مطابق پارلیمانی کمیٹی انتخابات 2018 میں مبینہ دھاندلی کے الزامات سے متعلق ٹی او آرز(ٹرمز آف ریفرنسز) طے کرے گی۔دھاندلی کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی کے ممبران میں 21 اراکین قومی اسمبلی اور 9 سینیٹرز شامل ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ کمیٹی ارکان کے لیے شیریں مزاری، شفقت محمود، فواد چودہری اور عامر ڈوگر، ق لیگ کی جانب سے بشیر چیمہ کا نام شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے احسن اقبال، رانا تنویر، رانا ثناء اللہ اور مرتضیٰ جاوید عباسی کو بطور پارٹی ممبر نامزد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اپوزیشن جماعتوں نے مطالبہ کیا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کو برابر نمائندگی دی جائے اور کمیٹی کی سربراہی اپوزیشن کو دی جائے۔

عام انتخابات کے بعد تمام اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کیے گئے مطالبے کے بعد وزیراعظم نے اپنے پہلے خطاب میں مبینہ انتخابی دھاندلی کے لیے پارلیمانی کمیشن قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔


متعلقہ خبریں